عمر بھر کا قصہ آپ کے نام کیا تھا صاحب! کیا نفس ِ عتیق اور کیا با ادب با نصیب!
اتنا کہنے کی دیر تھی کہ خود کو مادھوؔلعل حسین کے مزارِ اقدس پہ دو زانوں پاتے ہیں ، عابدہؔ کی آواز میں فرمائے؛
؎ میرے صاحبا! میں تیری ہو مکی آں
تین تال طبلے کے ساتھ ، ہم بھی تال تال ہو گئے! واہ صاحب اتنا کہنا تھا کہ خود کو اقبالؔ ٹاون لاہور کے نرگس بلاک کی گلیوں میں محوِ رقص پاتے ہیں ؛ اور گیت نگار آنندؔ بخشی کا گیت، جسے اَئے آر رحمٰن نے دُھن دی ، سُن رہے ہیں ؛
“تال سے تال ملا!”
تال سے تال تو نہ مل سکا لیکن بابا ؔجی کے گال سے گال مل گئے صاحب! اب کے مڈبھیڑ ہو گئی، بابا جیؔ ناراض ہیں اور کہتے ہیں کہ میں نے یہ جو اِتنی ضخیم کتابیں لکھیں ہیں ، بھلا ایسے ہی لکھ دی ہیں؟ میں نے اِن میں کوئی یہ لکھا ہے کہ میں تمباکو نوشی کرتا ہوں؟
پاسِ ادب تھا صاحب! فقیر محمدؔ گویا ہوئے؛
؎ پاس ادب رہا ہے جنوں میں بھی اِس قدر
آتا ہوں سجدے کرتا ترے آستاں تلک
آستاں تلک تو آئے تھے، مگر کیا ہے کہ تِلک لگا کر آئے تھے!
فرمائے بچپن میاں شیرِ محمدؔ شرقپوری کے مزار پر گزرا، لڑکپن نور ؔوالوں کے ڈیرے پہ خاکروبی کرتے اور نوعمری میں مولائے رومؔ کے مزارِ اطہر پہ چاکری کرتے ہیں !
ساتھ کون تھا؟ پاس کون تھا؟ آپ نے پوچھا۔
پاس !!
جی صاحب! پاس ، صرف پاسِ ادب تھا! پاسِ ادب کے سِوا ہم ہمیشہ فیل ہوئے!
پاس ہوئے تو صرف بزمِ ادب کے پیریڈ میں!
پاسِ ادب! !!
ایسے میں شفیق عباسؔ صاحب نے شفقت فرمائی ؛
؎ حرف ِاظہار تڑپتا ہے تڑپنے دیجے
یہ محبت ہے میاں پاس ادب مانگے ہے!
۔۔۔ایسی شفقت!!۔۔۔۔
ہم رو پڑے صاحب! پاسِ ادب میں دور جا کھڑے ہوئے ! پوچھا کیا چاہتے ہیں کیا مانگتے ہیں؟ساغر ؔ کا کہا کہہ دیا؛
؎ میں نے پلکوں سے درِ یار پہ دستک دی ہے
میں وہ سائل ہوں جِسے کوئی صدا یاد نہیں
ہمیں کوئی حرفِ تمنا نہ رہا! کیسے رہتا کوئی حرِف تمنا! صرف پاسِ ادب تھا! سینے سے لگائے کھڑے ہو گئے! یہاں تک کہ بے ہوش بھی ہوئے تو ادب سے ہوئے !
؎ سرزد ہم سے بے ادبی تو وحشت میں بھی کم ہی ہوئی!
حرفِ تمنا ، نہیں تھا! چچا جان سے خواجہ عزیز الحسن مجذوب ؔ کا شعر بچپن میں سنا تھا ؛
؎ ہر تمنا دل سے رخصت ہو گئی
اب تو آ جا اب تو خلوت ہو گئی
آپ “خلوت” کی جگہ ،” فرصت” کہتے ! تو ہم نے یونہی سمجھا کہ خلوت ہو گی تو فرصت ہو گی! اور فرصتوں کے مارے کو اگر خلوت نصیب ہو جائے تو کیا خوب ہو! فرمائے نصیب اور ادب بھی ساتھ ساتھ ہیں !
دونوں ب کے جیسے ہیں !
۔۔۔۔۔