Skip to content

نشست 37: علم کا پیاسا!

At Home Library, Lahore

علم کے پیاسے کو چوٹ دیجیے ، کوئی لفظوں کا کھوٹ دیجیے !

کیا ہے کہ علم کے نخلستان میں سراب ہی سراب دِکھائی دِیے ، کتابوں کے سراب! سرابوں کے سراب! چار سُوں پھیلے حرف سمندر میں ڈوبا کوئی نکتہ، کہا ں جا رُکتا؟ یہی سوچتا ہوں کہ ایسا نکتہ، نقطہ نہیں ، بحر ہے صاحب!

آپ کے لائق ہے ، لے یجیے ، پہن لیجیے اِسی نقطے کو!

آپ کہے ، ایسا نقطہ کس کاری؟ کیا کریں گے ہم اِس کا، کیا کریں گے ہم تمہارا! ؟

ہم سمجھ گئے، آپ کو یاد دِلایا! کہ والی جناب، ہم میں کوئی نقطہ نہیں ، نقطہ تو “مَیں” میں بھی نہیں ! رہے “آپ”، تو تین نقطے تو برابر دیکھتے ہیں ! اور جانتے ہیں کہ زُبانِ معلیٰ میں چار نقطے ہرگز نہیں لہذا، آپ نقطہ گَر ہیں اور نامہ بَر بھی ! آپ کو غمِ دل کیسے سُنائیں، کیوں کر بتائیں ! بھلا کیسے سمجھیں گے آپ، نقطوں کے فریب کو؟

واہ ، صاحب ! اب کہ خود کو علومِ دقیق و جلیل کے معبدوں میں پاتے ہیں ، دیواریں الف ایستادہ ہیں تو نون گنبد فلک بوس ہیں .. کِسی “ع” کو کسی “غ” سے علاحدہ کرنے کا کوئی سلسلہ نہیں . . . نقطے ہیں ہی نہیں ! جی صاحب ہمارے بغیرر کیسا بے رونق تھا یہ معبدِ عبودی! جی “عبد” کی “ب” بَوؔن میں سُلگھ رہی ہے .. کیا ہے کہ طاق ہیں ! طاق میں طاق نقطے، مثِل مشعل فروزاں ہیں !

جی ! ہیں ! اور نقطوں کے مَحلات بنے ہیں .. ایک نقطہ چُرا لائے تھے ، آپ کے لیے ! جی خوش ہو جائے گا آپ کا.. ۔ اب کیا ہے کہ آپ سمجھے نہیں ، کہ “ب” کا نقطہ آخر ہے کس کا؟ ہم کہے کہ جس کا چاہے بنا لیجیے ! آپ کا ہی ہے ، ب کا نقطہ! سراب کی ب ہو یا کتاب کی ب، ب سے ہی بنجارگی ہے اور ب سے ہی بے چارگی بھی! لیکن جاری کی “ج” میں بھی نقطہ “ب” ہی کا ہے صاحب!

ایک لے لیجیے ، جہاں چاہے لگا دیجیے ، لکھا کیجیے !

غاؔلب کو جس غیب سے مضامیں آتے تھے نا صاحب، وہ غیب بھی ب سے ہی تھا، اور جس اقبالؔ کو فلک سے ندا آئی، وہ فلک بھی ب سے ہی تھا صاحب، اور تو اور ، آسمان سے اُترتے ہر ہر حرف پر ، نقطہ صرف “ب” کا تھا۔ علم کے پیاسا، نقطوں کے سمندر میں ڈوب رہا تھا! آپ نے جھٹ پوچھا، ب سے ڈوب رہا تھا؟ ہم نے تائید کی ، کہا، بے شک ! جو ڈوبا وہ “ب “سے ہی ڈوبا! اور جو تَیرا، وہ کیا دیکھتا ہے ؟ جی صاحب دیکھتا ہے کہ لفظوں کے سراب ہیں .. آپ جُھومے کہ “سراب” بھی” ب “ سے ہی ہیں ! حروف کی کشتی پر سوار نقطوں کے سمندر میں ڈوب رہے ہیں ، لفظوں کے سراب دیکھ رہے ہیں ! اور بتاتے چلیں کہ “ ب “ سے بہتی نیّا میں، جو بہکا بھی تو ب سے ہی بہکا ! اور جو دیکھا ب سے ہی دیکھا کہ بے سے دیکھنا، ادب سے دیکھنا تھا!

(بَون کا بنجارہ)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے