Skip to content

نشست 34: نفسِ عتیق!

نفسِ عتیق سے بات چلی تو پرائمری اسکول کا کلاس فیلو “عتؔیق “ یاد آ گیا ، شیخ نوریز ؔ کبھی اُسے “تِکا بوٹی” کہتا تو کبھی عتیقہ اؔو ڈو(Atiqa Odho) بھی کہتا سُنا گیا۔ اندازہ کیجیے ! صاحب ، سِن پچانوے کی بات ہو گی! خدا جھوٹ نہ بُلوائے ! کذب و کذاب کے بھی اپنے عذاب ہیں ! ایسے میں پروفیسر شعبان علی داوزکن ؔ فرمائے کہ گبھرائیے مت، “عذاب” بھی ایک طرح کے ذوق و ذائقہ کو کہتے ہیں ! ٹیسٹ ہے، اور ٹیسٹ بھلا، بُرا ، دونوں ہو سکتے ہیں ! خیر، ہم اِسی دوئی کے سفر میں یک سُوئی کی خاطر اب کہ جرمن قبائل کے درمیان ہیں اور میان میں ہی ہیں ! ایک مراکشی بھوتنے سے ملے ہیں ، کہتا ہے وسیم ہے! ہم اُسے “وسیما اوڈوؔ “ کہنے لگے ہیں ! کیا کرتے؟ افراط و تفریط کے سلسلے ہیں ! تو ایسے میں ایک نفسِ عتیق کیا کرے؟ یہی سوچ رہے ہیں اور وادیِ نیلم سے مظفرؔ آباد کشمیر آنے والی پہاڑی بس کی چھت پر نیم دراز ہیں ۔ سوچنا اور دیکھنا، نفسِ عتیق کی دو اوّل شہادتیں ہیں ! سو، سوچ رہے ہیں کہ سامنے سڑک بلاک ہے ! وجہ بتائی جاتی ہے کہ مقامی آبادی میں کوئی جھگڑا ہوا ہے اور مسئلہ حل کرنے کے لیے قریبی چھاونی سے بات جاری ہے۔ سڑک پر سامنے چھاونی کے دروازے پر بھیڑ لگی تھی۔ ہم تفکر میں بگڑ گئے ، کہا یہ کیا پاگل پن ہے، راستہ کھلنا چاہیے ! گاڑی چلنی چاہیے ! ساتھ میں بس کی چھت پر سوار دیگر مسافر اب تک ہمارے “ایجنٹ” ہونے پر یقین بھی کر چکے تھے ۔ ہمیں بتا رہے تھے کہ کون سے پہاڑ پر کون سی چَوکی ہے اور اُس میں کون کون شخص ملازم ہے، ایسی ذیلی تفصیلات بھی مہیا کیے تھے!

لیکن اہم یہ نہیں ہے اہم یہ ہے کہ ہمیں کہنے لگے کہ آپ ہی جائیے مسئلہ نبٹا کر آئیے !

جی صاحب ترنگ میں بس سے اُترے اور سامنے بھیڑ بھاڑ میں گھم ہوئے .. چھاونی کے دروازے پر ایک نوجوان سپاہی معاملہ سن رہا ہے .. ہم بھی سننے لگے ۔ اُس کے بعد اُسے قریب سے دیکھے اور چپکے سے بولے “عتیقہ او ڈو” ! جی صاحب فوجی صاحب باقائدہ بس تک چھوڑنے آئے ! بیس برس بعد دیکھے تھے ہم صاحب ! لیکن کیا ہے کہ نفس ہے تو عتیق بھی ہے ، نفیس و جلیس بھی ! تو آپ مجلس کیجیے ، جی اپنے اپنے گھر مجالس کا اتنظام کروا رکھیں ! جی، آپ کہیے ” مجالس“ والے اور ہیں ، ” محافل “ والے اور !

خیر، اور، تو اور ہی ہے ! آپ سمجھ گئے کہ ” اور “ صرف، اور ہی ہے ، کوئی ” اور “ نہیں ہے!

اور ، اللہ حافظ!

(بون کا بنجارہ )

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے